حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے شہر رامیان کے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین حسین طاہری نے اس شہر میں خواہران کے دینی مدرسہ ’’سعدیہ‘‘ میں منعقہ ایک نشست میں اہلبیت علیہ السّلام کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا: ایک روایت میں امام جعفر صادق علیہ السلام نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نقل کیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے متعدد بار فرمایا ہے کہ اگر کوئی چاہتا ہے کہ میری طرح زندگی بسر کر کے اس دنیا سے جائے اور اس بہشت میں داخل ہو کہ جس کا خدا نے وعدہ کیا ہے تو اسے علی علیہ السلام سے محبت اور انکی ولایت کا اقرار کرنا چاہیے اور اسی طرح ان کے بعد ان کی اولاد میں سے اماموں (جو کہ ہدایت کے چراغ ہیں) سے محبت کرنی چاہیے کیونکہ وہ ہر گز ہدایت سے گمراہی کی طرف نہیں لے جائیں گے۔
انہوں نے کہا: اہلبیت علیہم السلام سے جو احادیث آخری زمانے کے متعلق ہم تک پہنچی ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ دین اور دینداری کو باقی رکھنا ہتھیلی میں آگ رکھنے کے برابر ہے۔رامیان میں مدرسہ علمیہ سعدیہ کے مؤسس نے کہا: اس روایت سے یہ نتیجہ حاصل کیا جاسکتا ہے کہ امام علی علیہ السلام اور ائمہ اطہار علیہم السلام کی محبت کے بغیر کوئی جنت میں داخل نہیں ہو سکتا ہے۔
انہوں نے امام حسین علیہ السلام کو امت کے لئے نجات کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا: اہل بیت علیہم السلام سے آخری زمانے کے متعلق جو احادیث ہم تک پہنچی ہیں اُن سے معلوم ہوتا ہے کہ دین کو باقی رکھنا ہتھیلی پر آگ رکھنے کی طرح ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین طاہری نے کہا: مکتب اہل بیت علیہم السلام کے طلاب ہی درحقیقت اہل بیت کے رستے پر چلنے والے ہیں۔
انہوں نے طلاب کو اپنے قول و فعل پر توجہ دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا: علم دین حاصل کرنا توفیق الہی ہے۔ طلاب کرام اسلامی اور ائمہ طاہرین علیہم السلام کی تعلیمات کی ترویج کریں۔
انہوں نے آخر میں اس امید کا اظہار کیا کہ طلاب اور علمائے کرام اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں انجام دیں گے کیونکہ ائمہ معصومین علیہم السلام کے رستے کو زندہ رکھنے والے دن طلاب ہی ہیں۔